وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے کوکا کولا آئسیک پاکستان کے وفد کی ملاقات

109
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل کی گورنر اسٹیٹ بینک اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے ہمراہ لندن میں عالمی بانڈ ز میں سرمایہ کاری کرنے والے معروف سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت زری و مالیاتی استحکام اور افراط زر پر قابو پانے کی کوششیں کررہی ہیں۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں کوکا کولا آئسیک پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفدکی قیادت کوکاکولاکے جنرل منیجر احمد خورشیدآرتین کررہے تھے۔

اس موقع پروزارت خزانہ کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفد نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدہ پروزیر خزانہ کومبارکباد دی اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ وفد نے کوکا کولا آئسیک پاکستان کی آپریشنل نوعیت کی سرگرمیوں بارے بریفنگ بھی دی۔وفد نے بتایا کہ کمپنی ملک کے مجموعی جی ڈی پی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

وفد نے وزیرخزانہ کو بتایا کہ کوکا کولاملک میں نئی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ علاوہ ازیں وفد نے وزیر خزانہ کو بعض اشیاء کی درآمدات کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی اور ٹیکس نمو میں کمپنی کے کردار کو سراہا ۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بحران کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی ومالئ نقصان ہواہے ۔ پاکستان اس وقت ایکسچینج ریٹ ، اقتصادی استحکام ،مہنگائی پر قابوپانے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے کوشش کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں غیر ضروری درآمدات کو روکا جا رہا ہے۔

درآمدات کے باقی مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ وفد نے تعاون اور حمایت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔