اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان عدم اعتماد کو ناکام کرنے کیلئے آخری دن تک ارکان خریدنے کی کوشش کرتے رہے، جب ہارس ٹریڈنگ میں ناکام ہوئی تو سائفر کی آڑ میں سازشی بیانیہ بنایا گیا۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ آڈیو لیک میں ملکی مفادات کے خلاف سازش کرتے ہوئے پائے گئے، نئی آڈیو میں وہ ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ مخالفین پر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کا الزام لگانے والے خود پانچ ارکان خریدنے کا دعوہ کر رہے تھے ،اپنی باری پر یہ لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ صحیح اور غلط میں فرق نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہہر گزرتے دن کے ساتھ عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار سے پردہ اٹھ رہا ہے، وہ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث تھے۔
شیری رحمان نے کہا کہ آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان عدم اعتماد کے آئینی عمل کو ناکام کرنے کیلئے اپوزیشن کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے تھے، ملک کا وزیراعظم دعویٰ کر رہا تھا کہ انہوں نے 5 ارکان خریدے ہیں، عمران خان کو اب بتانا ہوگا کہ انہوں نے 5 ارکان کیسے خریدے؟۔