اقوام متحدہ کی طرف سےمنظورکی گئی حق خودارادیت کےحصول کی قرارداد جموں وکشمیر کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے،سفیر منیر اکرم

230

اقوام متحدہ۔18نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے پینل کی طرف سےمنظور کی گئی پاکستان کی پیش کردہ قرارداد بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت ے حصول کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی قومی خبر رساں ایجنسی ’’اے پی پی‘‘ کے نمائندے کی جانب سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غیر ملکی قبضے کے تحت جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت سے متعلق پاکستان کی قرارداد کی وسیع حمایت اور متفقہ توثیق جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔

یہ قرارداد پاکستان سمیت 72ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سماجی، انسانی اور ثقافتی امور سے متعلق تھرڈ کمیٹی میں پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ پاکستان1981سے اس قرارداد کی سرپرستی کر رہا ہے جو آئندہ ماہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے کا امکان ہے۔