وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کاخواتین کےتحفظ کے لئے قومی سطح کی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان

276
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کا خواتین کے تحفظ کے لئے قومی سطح کی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے خواتین کے تحفظ کے لئے قومی سطح کی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے یہ اعلان صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر علینہ کمال، وزارت منصوبہ بندی کے ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز، طلباء اور سول سوسائٹی نمائندوں نے شرکت کی۔واضح رہے کہ 16 روزہ مہم کا آغاز گزشتہ ماہ 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا تھا۔

اس 16 روزہ مہم میں وزارت منصوبہ بندی اور اسکے ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز، ایچ آی سی، ایف آئی آے نے مختلف جامعا ت میں اس تحریک کو بھرپور طریقے سے چلایا۔نیشنل ٹاسک فورس پورا سال خواتین پر ہونے والے تشدد پر کام کرے گی جبکہ انکی تجاویز کی روشنی میں حکومت خواتین پہ تشدد کو روکنے میں لائحہ عمل بنائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک خواتین کی فعال شراکت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، چین اور بنگلہ دیش کی مثال کا حوالہ دیتے ہوئے، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنوں ملکوں نے اپنی خواتین کو بھرپور نمائندگی دی ہے جس کے نتیجے میں انہوں نے قومی ترقی میں زبردست پیشرفت دکھائی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے ایک کتابچہ بھی لانچ کیا جو خواتین کے خلاف تشدد اور پاکستان میں خواتین کے حوالے سے قوانین کے بارے میں آگاہی دیتاہے اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، یہ کتابچہ ایچ ای سی کے ذریعے پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں میں تقسیم کیا جائے گا، اس کتابچے میں پاکستان میں خواتین کو رہنمائی فراہم کرنے کے لئے پاکستان میں متعارف کرائے گئے خواتین سے متعلق قوانین کی تفصیل بھی موجود ہے۔وفاقی وزیر نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں خواتین کو مساوی نمائندگی نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکا۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ اب خواتین کی شرکت مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم کے شعبے میں زیادہ ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ملک کی ترقی میں خواتین کی شراکت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین طالبات کا داخلہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جو کہ ایک مثبت علامت ہے۔اسلام کےذریعہ تحفظ یافتہ خواتین کے حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام واحد مذہب ہے جس نے خواتین کو مساوی حقوق دے کر بااختیار بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کی کمی کا براہ راست تعلق خواتین کے خلاف تشدد سے ہے لیکن حالیہ ہائی پروفائل کیسز یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اشرافیہ اور تعلیم یافتہ حلقوں میں خواتین کے خلاف تشدد اور قتل کے واقعات منظر عام پہ آہے جوکہ انتہائی افسوسناک امر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وائس چانسلر، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، ڈاکٹر انیلہ کمال نے وزارت منصوبہ بندی اور بالخصوص وفاقی وزیر کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس کامیاب مہم کا انعقاد کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مہم سے خواتیں پر تشدد کے خلاف بیداری پیدا کرنے میں مدد ملی یے، جبکہ انکا کہنا تھا کہ انکی یونیورسٹی عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے وزارت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔