مالی میں اقوام متحدہ کے امن دستے پر حملہ ، فوجی ہلاک

85
اقوام متحدہ

اقوا م متحدہ ۔10جون (اے پی پی):مالی میں اقوام متحدہ کے امن دستے پر حملے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 7زخمی ہوگئے ہیں ۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق مالی میں جاری اقوام متحدہ کے مشن (مینیوسما ) کے سربراہ الغاسم وانے نےمیڈیا کو بتایا کہ مالی میں اقوام متحدہ کے کثیر جہتی مربوط استحکام مشن مینیوسما کے ایک دستے کو ٹمبکٹو کے علاقے میں ایک دیسی ساختہ بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 1فوجی اہلکار ہلاک اور 7زخمی ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ میں ہمارے گشت کے خلاف اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہوں یہ المناک نقصان ہمارے امن دستوں کو درپیش خطرات کی واضح یاد دہانی ہے کیونکہ وہ مالی کے لوگوں میں استحکام اور امن لانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں مالی کے ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجوں کے پیش نظر ان کے تحفظ کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیریس نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کو نشانہ بنانے والے حملے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔انہوں نے مالی میں عبوری حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ حملے کے مرتکب افراد کی شناخت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں تاکہ انہیں جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔