اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے خلیفہ گلنواز اور سرائے نورنگ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں کا دورہ کیا اور بنوں میں طوفانی بارش اور آندھی کی وجہ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اتوار کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی اسپیکر نے ہسپتال میں کیے گئے انتظامات اور زخمی مریضوں کو دی جانے والی طبی امداد کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کی فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں اور لکی مروت میں طوفانی بارش سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،ڈپٹی اسپیکر نے طوفانی بارش کی وجہ سے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے مالی امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو 10 لاکھ، زخمیوں کو 3 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔