لاہور۔18اپریل (اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے 37 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل 18 رکنی وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا جمعہ کو دورہ کیا۔ وفد میں مختلف گورنمنٹ سروسز گروپس کے افسران شامل تھے۔
ترجمان پولیس کے مطابق وفد کا خیرمقدم ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) ٹریننگ پنجاب طارق رستم چوہان نے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اور اے آئی جی ٹریننگ حسن اقبال بھی موجود تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر نے وفد کو پنجاب پولیس کی ورکنگ، چیلنجز اور سٹریٹیجک پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک سروس ڈلیوری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی، امن و امان کی صورتِ حال اور شہری علاقوں میں پولیسنگ جیسے سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی طارق رستم چوہان نے کہا کہ پنجاب پولیس مقدمات کے فوری اندراج، سپیشلائزڈ تفتیش اور ٹیکنالوجی بیسڈ ٹریننگ کو ترجیح دے رہی ہے۔
ڈی آئی جی وقاص نذیر نے وفد کو بتایا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، کرائم ریکارڈ اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹمز سمیت آئی ٹی اصلاحات کے ذریعے پولیس سروسز میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی نے مزید بتایا کہ پولیس خدمت مراکز، تحفظ اور میثاق سنٹرز پاکستان بھر میں عوامی خدمت کے منفرد منصوبے ہیں۔
مزید برآں، پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی صحت، اعلی تعلیم اور فلاحی منصوبوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔دورے کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب اور وفد کے مابین سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ وفد نے پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور جدید اصلاحات کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583968