اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان روابط بڑھا کر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی اعتبار سے خطے میں اہم جغرافیائی مقام پر واقع ہے، پاکستان سرمایہ کاری کیلئے نہایت موزوں ملک ہے، امریکہ میں مقیم پاکستانی نہ صرف امریکہ میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف پاکستانی۔امریکی کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی۔امریکی کاروباری شخصیات کا وفد اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی نہ صرف امریکہ میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی پاک ۔امریکہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے گراں قدر خدمات قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالامال ہے، پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان معاشی اعتبار سے خطے میں اہم جغرافیائی مقام پر واقع ہے، ان تمام عوامل کی بدولت پاکستان سرمایہ کاری کیلئے نہایت موزوں ملک ہے۔ انہوں نے وفد کو حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے بارے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل "ہول آف دی گورنمنٹ” لائحہ عمل کے تحت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ یقینی بنائے گی، کونسل زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، معدنیات، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں سرمایہ کاروں کو ون۔ونڈو سہولت فراہم کرے گی۔
وزیرِاعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دفتر خارجہ اور پاکستانی مشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ اپنے روابط کو تیز اور مؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے باہمی تعاون کے نئے شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط بڑھا کر پاک۔امریکہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفد کے ارکان نے اپنا قیمتی وقت نکال کر ملاقات کا موقع دینے اور پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے وزیرِاعظم کو پاک ۔
امریکہ تجارتی اور تقافتی تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے اقدامات سے آگاہ کیا۔وفد کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان کیلئے بے پناہ محبت ہمارے دلوں کو یکجا کرتی ہے۔ وفد کے شرکاء نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔