34.9 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںگلگت بلتستان کے باسیوں کا مثالی اتحاد و اتفاق جاری رہے گا،بھارت...

گلگت بلتستان کے باسیوں کا مثالی اتحاد و اتفاق جاری رہے گا،بھارت کی مکاریوں اور سازشوں کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کی پر یس کانفرنس

- Advertisement -

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، گلگت بلتستان کے باسیوں کا مثالی اتحاد و اتفاق جاری رہے گا،ہم ایک اکائی کی طرح بھارت کی مکاریوں اور سازشوں کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے،سی پیک کا گیٹ وے، سیاحت کا حب اور معاشی استعداد سے بھرپور گلگت بلتستان پاکستان کے تابناک معاشی مستقبل کی ضمانت ہے۔

گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں جوسب کے سامنے ہیں اور ان اقدامات کی بدولت آج تک پرامن احتجاج میں ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، جو دشمن قوتوں کی شکست کا واضح ثبوت ہے،

- Advertisement -

سکردو ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ ملنے کے بعد دبئی سے پہلی بین الاقوامی پرواز سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراتری جوایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے گلگت بلتستان میں سیاحت اورمعاشی انقلاب کے نئے دور کاآغاز ہوگا جس پر بھارت کو تکلیف ہے مگر ہم بھرپور قومی یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ دشمن کے ہر ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے

، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے پارلیمانی امن کمیٹی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے اور الحمد اللہ اب پاکستان کے جید علمائے کرام بھی گلگت پہنچ چکے ہیں ہم افہام و تفہیم اورپاکستان کی قومی اسمبلی وسینیٹ کی قانون سازی کے اثرات کے تحت گلگت بلتستان میں صورتحال کو بہتر انداز میں حل کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم صحافی حضرات کے مشکور ہیں جنہوں نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے علاقے میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کچھ غلط فہمیوں کی بناء پر موجودہ صورتحال کا ہمارا اذلی دشمن بھارت ناجائز فائدہ اٹھانے کی ناکام کوشش کررہا ہے یہ بات سب پر عیاں ہوتی جارہی ہے کہ گلگت بلتستان کا پاکستان سے رشتہ کلمے کی بنیاد پر ہے اور یہاں کا ہر شہری ارض پاک کیلئے کٹ مرنے کیلئے تیار ہے۔ موجودہ صورتحال کو بنیادبناکر کیا جانے والا بھارتی پروپیگنڈہ سوائے جھوٹ اور مکاری کے کچھ بھی نہیں۔ بھارتی چینلز مذموم مقاصد کے تحت گلگت بلتستان کے حالات کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔

ہمیں اپنے مقامی و قومی میڈیا ہاؤسز سے توقع ہے کہ وہ بھارت کے اس شرمناک پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں گے اور عوام سے بھی توقع ہے کہ وہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مملکت پاکستان اور گلگت بلتستان کی مجموعی ترقی کیلئے اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کریں گے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے کہا کہ ہم بھارت سمیت پوری دنیا کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کرکے اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والے مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ یکم نومبر 1947 ء کو الحاق کردیا تھا۔

بھارت یکم نومبر1947 ء کی حزیمت کو ابھی تک نہیں بھول پایا اور اپنی خفت اور حزیمت کو چھپانے کیلئے گلگت بلتستان میں ہونے والے کسی بھی پرامن احتجاج کو پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کرتا چلا آیا ہے انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں روزانہ پاکستان کا جھنڈا گھروں پر لہرایا جاتا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں آج تک ایک بھی ایسا شخص نہیں جو پاکستان کیخلاف یا بھارت کے حق میں بات کرے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے پارلیمانی امن کمیٹی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ،گلگت بلتستان کا ہر باشندہ چاہے اس کا تعلق کسی بھی طبقہ فکر سے ہو آپس میں بھائی ہیں اور اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں وطن سے محبت کا جھنڈا تھامے ہوئے ہیں۔ ہم یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے باسیوں کا مثالی اتحاد و اتفاق مستقبل میں جاری رہے گا اور ہم ایک اکائی کی طرح بھارت کی مکاریوں اور سازشوں کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے۔

گلگت بلتستان میں پائیدار قیام امن کو یقینی بنانےاور موجودہ غلط فہمیوں کا تدارک کرنے کیلئے جید علمائے کرام گلگت بلتستان تشریف لاچکے ہیں، ان کے دورے کا مقصد اتفاق، امن اور بھائی چارے کا پرچار کرکے خطے میں مثالی اور مستقل امن کو یقینی بنانا ہے۔ ہمیں کامل یقین ہے کہ ان مہمانان گرامی کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور مختلف طبقہ فکر کے ذمہ دار افراد شعور و آگاہی کا ساتھ دیتے ہوئے گلگت بلتستان کے امن کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

سی پیک کا گیٹ وے، سیاحت کا حب اور معاشی استعداد سے بھرپور گلگت بلتستان پاکستان کے تابناک معاشی مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ، گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پارلیمانی امن کمیٹی اور جید علمائے کرام کی مخلصانہ کوششوں کے باوجود امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا کیونکہ امن وامان ہم سب کی ضرورت ہے اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اور صوبائی حکومت اپنی اس ذمہ داری کو بھرپور انداز میں نبھائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386675

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں