بابا گورونانک نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا، مشعال حسین ملک

125
ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پاکستان نے خطہ میں توازن برقرار رکھا ہے،مشعال حسین ملک

ننکانہ صاحب۔22ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خواتین کی بااختیار ی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بابا گورونانک نے ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر سکھوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے دورے کے دوران کیا۔ جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں سکھوں کو نشانہ بنا رہاہے، کینیڈا میں سردار ہردیپ سنگھ کا قتل قابل مذمت ہے۔

نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کینیڈا نےبھارت کا مکروہ چہرہ بےنقاب کر دیا ہے،بھارت میں خالصتان سمیت آزادی کی کئی تحریکیں چل رہی ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را کا کارنامہ ہے ، را کے ایجنٹوں نے جڑانوالہ میں 23 چرچوں کو جلا ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ساری دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے اور اس نے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اور نہتے کشمیریوں کو ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے اور وہاں تمام مذاہب کی عبادتگاہوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، حریت رہنماء یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ قابل افسوس ہے، سانحہ جڑانوالہ کے بعد پوری ریاست حرکت میں آگئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ جڑانوالہ سانحہ میں 94 مسیحی خاندانوں کے جن گھروں کو نقصان پہنچا تھا ان کو بحال کر دیا گیا ہے۔