اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چین کے سرمایہ کار آگے بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول ساز گار ہے، مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی کرے گا، پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر جیانگ زائیڈانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو ان سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جیانگ زائیڈانگ کو بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے سفیر اپنی بھرپور صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے خطے میں امن کے قیام کیلئے چین کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
زراعت، کان کنی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت، کان کنی کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استعفادہ کریں گے، ”سٹرٹیجک تعاون شراکت داری“ پاک – چین تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،ہر پلیٹ فارم پر چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ”پاک -چین اقتصادی راہداری“ منصوبے کی بدولت مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے،پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے چین کی این پی سی کے سربراہ کو پاکستان کا دورے کرنے دعوت بھی دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار آگے بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول ساز گار ہے، مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اورسرمایہ کاری کے لئے نئی راہیں ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کئے ہیں۔
سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی کرے گا۔پاکستان اور چین کے عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے چین کے نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی مختلف کمپنیز پاکستان کے دور دراز علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ صدر شی جن پنگ کی کتاب کا مطالعہ کیا بہت متاثر ہوا ہوں۔چیئرمین نے تجویز دی کہ کتاب کا اردو میں بھی ترجمہ ہونا چاہئے۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے، چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔ پاکستان آ کر خوشی محسوس ہوئی ہے۔
چینی سفیر نے سفارتی، سماجی، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین نے حال ہی میں ایک وائٹ پیپر شائع کیا جس کا عنوان ”بنی نوع انسان کا مشترکہ مستقبل“ ہے۔وائٹ پیپر کا مقصد دنیا کو امن، ترقی کا گہوارہ بنانا ہے۔ملاقات میں سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور ایڈیشنل سیکرٹری عاصم خان گورایا بھی موجود تھے۔