ملتان،میپکو کےنادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، 8کروڑ روپے وصول،56 مقدمات درج

Mapco
Mapco

ملتان۔ 20 اکتوبر (اے پی پی):میپکو کا نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔میپکوترجمان کے مطابق ایک روزمیں 63 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئےان کےخلاف مختلف پولیس سٹیشنوں میں 56 نئے مقدمات کا اندراج کراکے 42 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ ڈی جی خان کے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف نائٹ آپریشن کیا گیا۔

کوٹ چھٹہ، داجل اور دیگر علاقوں میں 11 افراد کنڈیاں ڈال کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔گلشن آباد سب ڈویژن جامپور کے نوگو ایریاز میں پولیس فورس کے ہمراہ آپریشن کیاگیا۔ بستی رزاق بازگیر اور بستی کھوسہ بازگیر میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری ہونے پر سپلائی منقطع کرکے ایل ٹی لائن اتار لی گئی۔بستی رزاق بازگیر میں بجلی چور ریاض ولد فرید بخش نے چوری پکڑنے پر مزاحمت اور کار سرکار میں مداخلت کی۔

داجل سب ڈویژن کی 3 بستیوں بودلہ کالونی، لاچے والا اورنازو مستوئی میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری ہونے پر ایل ٹی لائنیں اتارلی گئیں۔نادہندگان سے واجبات/بقایاجات کی مد میں ایک روز میں 8 کروڑ 90 لاکھ 60 ہزار روپے وصول کیے گئے۔

رحیم یار خان سرکل کے زیرانتظام علاقوں میں نادہندہ صنعتوں اور ٹیوب ویلوں کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ 12 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پرآئس فیکٹری کےمالک کے گھرکی بجلی منقطع کر کے میٹر اتارلئے گئے۔ 14 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک ٹیوب ویل کا ٹرانسفارمر اتار لیا گیا۔ قبولہ سب ڈویژن عارف والا میں 94 لاکھ 17 ہزار روپے کی عدم ادائیگی پر 6 ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے۔