حیدرآباد۔ 09 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شہید بےنظیر آباد زاہد حسین رند نے نوابشاہ میں مہران کالونی، بھنگوار کالونی ا ور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور قومی انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کا ریکارڈ اور بچوں کی انگلیوں پر نشانات چیک کئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث ضلع کے5سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع سے آنے والے بچوں اور خانہ بدوش آبادیوں کے بچوں کو بھی قطرے پلانے پرخصوصی توجہ دی جائے تاکہ انسداد پولیو مہم کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔
انہوں نے تما والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر انہیں زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سکرند شہر کے مختلف علاقوں میں پولیو کی موبائل ، ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیموں اور تعلقہ ہسپتال میں قائم پولیو فکس پوائنٹ کا دورہِ کر کے کام جائزہ لیا۔ اس موقع پر تعلقہ فوکل پرسن ڈاکٹر ریاض شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔