پاکستان نے سینٹ کیٹس اینڈ نیوس اور مارشل آئی لینڈ کے ساتھ باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کئے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی فعال سفارتکاری اور گہرے تعلقات کے ایک حصے کے طور پر کیریبین میں سینٹ کیٹس اینڈ نیوس اور بحرالکاہل میں مارشل آئی لینڈ کے ساتھ باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کئے ہیں۔
جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا سفارتی دائرہ وسیع کرتا رہے گا اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعاون کو بڑھاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چھوٹے جزائرکی ترقی پذیر ریاستوں تک رسائی کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کثیرالجہتی سطح پر پاکستان کے لئے اہم شراکت دار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ تین سال میں پالائو، کریباتی اور ڈومینیکن ریپبلک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے ہیں۔