اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے، 450 پاکستانی زائرین کو انخلا کےلئے سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبا وطالبات کے 154 کے پہلے بیچ کے محفوظ انخلا کےلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ عراق میں ہمارا سفارت خانہ ان پاکستانی زائرین سے رابطے میں ہے جو فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ عراق میں ان کے محفوظ قیام اور ممکنہ انخلاء کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے ۔
اس کرائسز مینجمنٹ یونٹ سے فون نمبر9207887 051 اور ای میل: [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ہمارے سفارت خانے پاکستانی شہریوں اور زائرین کی مدد کے لیے تمام ضروری کوششوں کو مربوط کر رہے ہیں۔