Sardar Owais Ahmad Khan Leghari
Sardar Owais Ahmad Khan Leghari

سولر نیٹ میٹرنگ پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا جا رہا، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ سولر نیٹ میٹرنگ پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا جا رہا۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے کہا کہ آج تک جتنے بھی سولر نیٹ میٹرنگ لگے ہیں، ان کے ساتھ ہونے والے کنٹریکٹ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی میں اضافہ ہوا ہے،

کپیسٹی پے منٹس ہمارے لئے بڑا چیلنج ہیں، کووڈ کی وجہ سے پاور کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی، اسے تبدیل کرنے کے لئے سیکٹورل ریفارمز کی ضرورت ہے جس کا احاطہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سے چار سال کے اندر ٹرانسمیشن کے معاملات میں بہتری لائی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ لوگ سولر کی طرف جائیں، اس سے سسٹم پر دبائو کم ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں کسٹمر کیئر سروسز کو بہتر بنانے، بجلی چوری کی روک تھام اور اس کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کے لئے بورڈز میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ اہل افسران کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سروسز کے حوالے سے زیرو ٹالرینس ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پرائیویٹائزیشن کی طرف بھی جا رہے ہیں لیکن اس سے پہلے کچھ کمپنیوں کے ساتھ طویل المدتی معاہدوں کے ذریعے آپریشنل مینجمنٹ کنٹریکٹ دینے پر غور کر رہے ہیں تاکہ جب صورتحال بہتر ہو تو اس میں ویلیو ایڈیشن کر کے اسے پرائیویٹائز کیا جا سکے۔