این پی سی آئی ایچ اے ٹنڈوآدم کی عزم استحکام آپریشن کی حمایت میں ریلی ،پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے
حیدرآباد۔ 23 جولائی (اے پی پی):این پی سی آئی ایچ اے ٹنڈوآدم نے عزم استحکام آپریشن کی حمایت میں ریلی نکالی ۔ تفصیلات کے مطابق این پی سی آئی ایچ اے ٹنڈوآدم کی جانب سے ضلع صدر مظہر چانڈیو، ناصر قریشی، گل بہار خاصخیلی اور دیگر کی قیادت میں گلشن صدیقی پارک سے پریس کلب ٹنڈوآدم تک ریلی نکالی گئی جس میں پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے این پی سی آئی ایچ اے ضلع سانگھڑ کے صدر مظہر چانڈیو نے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدی اور قومی سلامتی کی ضامن ہے، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف منظم مہم جوئی دشمن کا ناپاک ایجنڈا ہے جس کو ہم سب نے ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مظہر چانڈیو نے بنوں چھائونی پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 10دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے حملے میں شہید پاک فوج کے جوانوں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظل حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی کی بلند درجات کےلئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے در جات بلند کرے اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے ۔ ریلی میں پاک فوج زندہ باد، آئی ایس آئی زندہ باد، ایم آئی زندہ باد، یہ جو سوہنی دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے اور پاکستان زندہ باد کے زور دار نعرے لگائے گئے۔