کوئٹہ۔ 04 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،اس دن ایک آمر نے پاکستان کے مزدوروں،کسانوں اور کچلے ہوئے طبقہ کی منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر مارشل لاء نافذکیا، جنرل ضیاء الحق نے وہ حکومت ختم کی جس نے مزدوروں کو انجمن سازی کا حق دیا، جوکسان کی نمائندہ حکومت تھی ،جو طلباء کی آواز اور عوام کی منتخب کردہ حکومت تھی ۔ جمعہ کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 5جولائی کا دن جمہوری اداروں اور جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لئے یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے، اس دن ایک ڈکٹیٹر نے منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر جمہوریت پر کاری ضرب لگائی تھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی 05جولائی کے دن کو تاریخ کا سیا ترین دن قرار دیتی ہے،جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں استحکام جمہوریت کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ میں رقم ہو چکی ہیں جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 05جولائی1977کو اس وقت کے ڈکٹیٹر نے جمہوری حکومت پر شب خون مار کر اس کا تختہ الٹا دیا تھا، جمہوری عمل پر یقین رکھنے والی قوتیں اس سیاہ ترین دن کو کبھی نہیں بھلا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کی خاطر قربانیان دی ہیں
جیالوں نے کوڑے کھا کر اور قائدین خون کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کے اس باغیچے کے باغبان بنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداوں کی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لیے پیپلز پارٹی کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان اورپاکستان پیپلزپارٹی کے ہزاروں جیالوں نے ملک میں استحکام جمہوریت کے لیے جو قربانیاں دی ہیں انھیں تاریخ کے سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔