اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے 2019 میں اسی روز غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، 5اگست کو دنیا کے سامنے نہ صرف بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا بلکہ کشمیریوں پر ختم نہ ہونے والے مظالم بھی سب کے سامنے واضح ہوئے۔
پیر کو اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا سپیشلاسٹیٹس چھین کر انسانیت کے خلاف جرم اور کشمیری قوم کی شناخت ختم کرنے کی سازش کی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کو روزانہ جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنز میں ماورائے عدالت شہید کیا جا رہا ہے، کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے، بھارت کے تمام تر ظلم کشمیریوں کا جذبہ آزادی ماند نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے،بین الاقوامی برادری کو کشمیری عوام کی آواز پر بیدار ہونا پڑے گا،انشاء اللہ کشمیری بھائی اور بہنیں آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد جاری رکھیں گے ۔