5 فیصد سے زائد کیسز والے علاقوں میں سکول بند کرنے کا فیصلہ ، تمام مارکیٹیں شام 6 بجے تک کھلیں گی، ریسٹورنٹس میں عید تک آئوٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی، آفس کے اوقات کار 2 بجے تک ہوں گے، اسد عمرکی میڈیا بریفنگ

80

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسدعمر نے کہا ہے کہ 5 فیصد سے زائد کیسز والے علاقوں میں سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک بھر میں تمام مارکیٹیں شام 6 بجے تک کھلیں گی، ریسٹورنٹس میں عید تک ان ڈور کے بعد آؤٹ ڈورڈائننگ پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے، آفس ٹائمنگ 2 بجے تک کی جا رہی ہے، لوگ آخری دنوں کا انتظار نہ کریں، عید کی تیاری کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو میڈیا بریفننگ دیتے ہوئے کیا۔اسد عمر نے این سی او سی میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جن شہروں میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے بھی اسکولز عید تک بند رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بازاروں کے اوقات کار شام 6 بجے تک ہی رہیں گے اس کے بعد صرف انتہائی ضروری اشیا کے کاروبار کی اجازت ہوگی جس کی فہرست جاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انِ ڈور ڈائننگ پر پہلے سے پابندی عائد تھی اب عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ بھی بند کردی گئی البتہ کھانا خرید کر لے جانے یا گھر منگوانے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ‏جن شہروں میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارےبند کردیے جائیں گے،اسد عمر نے بتایا کہ شام 6 بجے کے بعد صرف ضروری نوعیت کے کاروبار کھولے جائیں گے۔ عید تک ملک بھر میں ان ڈور ڈائننگ اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

ان ڈور جمز پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ دفاتر کے اوقات 2 بجے تک کردئیے گئے ہیں اور گھر سے کام کرنے کے لیے 50 فیصد حاضری پر زور دیا گیا ہے۔انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بیماری بڑھتی ہے تو لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے۔اس لئے بیرون ملک سے آنے والے افراد کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔ملک میں آکسیجن سپلائی 90 فیصد جاری ہے اور 75 سے 80 فیصد صحت کے شعبے میں استعمال ہورہی ہے تاہم بیرون ملک سے بھی درآمد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔