جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی کرغزستان کی وزرا کابینہ کے چیئرمین ژاپاروف اکیل بیک سے گفتگو

185

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) اجلاس کے موقع پر جمہوریہ کرغزستان کی وزراکابینہ کے چیئرمین ژاپاروف اکیل بیک سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں جمہوریہ کرغزستان کی شرکت کا شکریہ ادا کیا اور ایس سی او کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے کرغزستان کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ژاپاروف اکیل بیک نے پاکستان کی طرف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی دورے پر آئے ہوئے وفود کے پرتپاک استقبال، بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کرغزستان کی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جس سے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔