وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے ملاقات، کوپ۔29 کانفرنس میں شرکت کی تیاریوں، اقتصادی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

55
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر منیر اکرم سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے، کوپ۔29 کانفرنس میں شرکت کی تیاریوں اور اقتصادی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ترقیاتی اہداف کے ساتھ وابستہ ہے اور اس ماہ باکو میں ہونے والی کوپ۔29 کانفرنس میں بھرپور شرکت کرے گا، جہاں ماحولیاتی ترجیحات کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کم ترین کاربن کے اخراج کے باوجود پاکستان موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وفد کانفرنس میں علاقائی تعاون کو مستحکم کرنے پر توجہ دے گا اور پاکستان پویلین میں گول میز مباحثے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بین الاقوامی شرکا حصہ لیں گے۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) پر پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے ان اہداف کو پارلیمنٹ کے ذریعے اپنے قومی ترقیاتی ایجنڈے کا باقاعدہ حصہ بنایا۔

ہمارے تمام ترقیاتی منصوبے ان اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی میں قائم ایس ڈی جی یونٹ کو اب سیکشن کا درجہ حاصل ہے، جو ان اہداف کے حصول کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے اور ان منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیتا ہے۔ احسن اقبال نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پائیدار ترقی کے ان 17 اہداف کے حوالے سے وزارت منصوبہ بندی میں جلد ہی 17 ٹاسک فورسز قائم کی جائیں گی جو قومی اور صوبائی سطح پر منصوبوں کی نگرانی کریں گی تاکہ ان کا نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا اور بتایا کہ 530 میں سے صرف 70 کمپنیاں ایسی ہیں جن کی برآمدات 10,000 ڈالر سے زائد ہیں۔ احسن اقبال نے کمپنیوں کو برآمدات بڑھانے اور عالمی مارکیٹ میں اپنی صلاحیت کے موثر استعمال کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر ادارے کو برآمدات کا 10,000 ڈالر سے زیادہ کا ہدف مقرر کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ہونے والی حالیہ سرمایہ کاری کی لہر پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ایس آئی ایف سی بڑی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروباری مواقع کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جاری سرمایہ کاری اور معاشی اصلاحات پاکستان کو پائیدار ترقی کی جانب لے جائیں گی۔