کوئٹہ۔ 05 دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر و وزیر تعمیرات ومواصلات بلوچستان میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک کے تحفظ کےلئے شہدا کی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے شہید میجرمحمد اکرم کے 53ویں یوم شہادت پر جاری پیغام میں ملک کے لئے جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کی قربانیاں دینے والے شہدا اور ان کے خاندانوں کی احسان مند رہے گی ۔
انہوں نے میجر محمد اکرم شہید کے جذبہ حب الوطنی اور قوم کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے وطن عزیز کے لئے عظیم قربانی پیش کی
انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے امن وامان کا قیام لازمی ہے سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے قیام امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔
ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے پوری قوم کو افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دہشتگردی کی لعنت اور ملک دشمنوں کے خلاف یکجہتی کامظاہرہ کرناہوگا۔