اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوابزدہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ امریکہ اور ہندوستان جیسے ملک میں سیاسی مفاہمت پر بات ہو سکتی ہے تو پاکستان میں بھی ایسا ممکن ہے ،ہمیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک میں سیاسی استحکام کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بات چیت کے ذریعے معاملات کے حل پر زور دیا ہے۔
وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ایم این اے جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بطور رکن قومی اسمبلی مجھے آج کا سیشن باقی سیشن سے منفرد لگا کیونکہ آج یہاں پر بلیم گیم کی بجائے ایک دوسرے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بھی پوری کوشش ہے کہ اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے مشن پر کاربند رہتے ہوئے بات چیت کے ذریعے سیاسی مسائل بالخصوص سیاسی استحکام کے لئے عملی کام کئے جائیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان جو مجموعی آبادی کا 60 فیصد ہیں وہ بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں گے ،اس سے ہمارے راستے آسان ہو جائیں گے۔ انہوں نے سینئر سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے ،سیاسی لڑائیاں سیاسی طور پر ہی حل ہونی چاہئیں۔