ریاض ۔6فروری (اے پی پی):سعودی عرب کی جانب سے بنگلہ دیش کی مختلف کمپنیوں کو فیفا ورلڈ کپ 2034 کے تعمیراتی منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈھاکہ میں سعودی سفیر نے بنگلہ دیشی کمپنیوں سے کہا ہے ’مملکت میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2034 کے لیے نئے سٹیڈیمز اور تعمیرات کے کاموں کی بولی میں حصہ لیں۔دنیا کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد سعودی عرب کے پانچ بڑے شہروں میں 15 سٹیڈیمز میں ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
میگا تعمیراتی منصوبے میں کھیلوں کے نئے میدان، ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس اور ہوٹلز انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے متعدد غیرملکی کارکنوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ڈھاکہ میں سعودی عرب کے سفیر عیسیٰ الدحیلان نے منگل کو کہا کہ بنگلہ دیشی مزدوروں کو قطر ورلڈ کپ 2022 میں مختلف شعبوں میں تجربے کا موقع ملا ہے۔
عیسیٰ الدحیلان نے بنگلہ دیشی تعمیراتی کمپنیوں سے کہا ہے ’سعودی عرب میں 2034 ورلڈ کپ کے لیے11 نئے سٹیڈیم بنائے جائیں گے اور پانچ موجودہ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش ہوگی جو کہ تعمیراتی کمپنیوں اور مزدوروں کے لیے یہ بہترین موقع ہوگا۔مملکت کے مختلف شہروں میں مزید ہوٹل اور ریزورٹس کی تعمیر کے بھی مواقع موجود ہوں گے جو بنگلہ دیش کی تعمیراتی انڈسٹری کے لیے سنہری موقع ثابت ہوگا۔