ریاض ۔6فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اردن کے شاہ عبداللہ الثانی بن حسین نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں انہوں نے فلسطین کے حوالے سے مملکت کے واضح اور دوٹوک موقف کی تائید کی۔
ایس پی اےکے مطابق شاہ عبداللہ الثانی نے شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطے میں علاقائی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا العربیہ نیوز نے اردنی ایوان شاہی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ شاہِ اردن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا جس میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی ہر قسم کی کوششوں کو مسترد کیا۔شاہِ اردن نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول اور غزہ میں جنگ بندی کو مستقل بنانے کے لیے عرب و بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
قبل ازیں سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں فلسطینی خود مختار ریاست کے حوالے سے مملکت کے واضح موقف کا اعادہ کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مملکت اور اس کے رہنماؤں کا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ فلسطینوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا حل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=556657