لائف اسٹائل پریزیڈنشیا کی عدم تکمیل پر فیڈرل گورنمنٹ ايمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا نوٹس ، شراکتی معاہدہ ختم

62
لائف اسٹائل پریزیڈنشیا کی عدم تکمیل پر فیڈرل گورنمنٹ ايمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا نوٹس ، شراکتی معاہدہ ختم

اسلام آباد ۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے قائم رہائشی منصوبےلائف اسٹائل پریزیڈنشیا کی عدم تکمیل پر فیڈرل گورنمنٹ ايمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈنے عوامی مفاد کے پیش نظر ایفرو پروجیکٹ انتظامیہ کے خلاف سخت نوٹس لے لیا ۔

ترجمان کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ايمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈنے مشترکہ منصوبے کے شراکت داروں کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے متبادل تجاویز پر کام کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ منصوبے کے نقصانات اور اتھارٹی و الاٹیز کو پہنچنے والے مالی خسارے کا تعین کرنے کے لیے باضابطہ آڈٹ کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایاکہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی نے لوکل انتظامیہ کے تعاون سے گزشتہ ہفتے منصوبے کا قبضہ بھی جے وی پارٹنرز سے حاصل کر لیا ہے۔ فیڈرل گورنمنٹ ايمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا پروجیکٹ لائف اسٹائل پریزیڈنشیا کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا، جس کی تکمیل جولائی 2020 میں متوقع تھی۔

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے 2010 میں ایک ابتدائی معاہدہ کیا تھا، مگر عوامی و نجی شراکت داری کے تحت اس منصوبے کو 2017 میں دوبارہ لانچ کیا گیا۔ یہ منصوبہ اسلام آباد کے سیکٹر G-13 اور G-14 میں 15 ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے۔

ابتدائی منصوبے کے مطابق، سرکاری ملازمین اور نجی شعبے کے لیے 3,273 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جانے تھے۔ تاہم، کمرشل ایریا کی تعمیر کا کام بنیاد سے آگے نہ بڑھ سکا۔ایف جی ای ایچ اے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کوتاہی کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمبلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے JV پارٹنرز کو سہولیات اور مواقع فراہم کیے .تاہم اس کے باوجود وہ ناکام رہے ۔