اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔
ہفتہ کو اپنے مبارکباد کے پیغام میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او نے سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل کو سینئر نائب صدر، اطہر قاضی کو سیکرٹری جنرل، شہاب زبیری کو نائب صدر، محسن بلال کو جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ عنبرین جان نے کہا کہ اے پی این ایس کا پلیٹ فارم میڈیا انڈسٹری کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات صحافتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اے پی این ایس کی نومنتخب قیادت اپنی تجربہ کار بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں سے صحافتی برادری کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او نے اے پی این ایس کی نومنتخب قیادت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573023