فلوریڈا۔21مارچ (اے پی پی):بیلاروس کی نامور ٹینس کھلاڑی ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آرینا سبالینکا ،جاپان کی نامور ٹینس کھلاڑی اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح نائومی اوساکا اور امریکی ٹینس سٹار کوکوگف اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ امریکا کی سوفیا کینن، قازقستان کی ایلینا ریباکینا اور جمہوریہ چیک کی کترینا سینیاکووا خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں جاری ہے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں بیلاروس کی نامور ٹینس کھلاڑی ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آرینا سبالینکا نے انتہائی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے بلغارین حریف کھلاڑی وکٹوریہ کونسٹنٹینوا ٹومووا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 0-6 سے شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔جاپان کی نامور ٹینس کھلاڑی اور چار گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح نائومی اوساکا نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کر لی،
انہوں نے روسی حریف کھلاڑی لیوڈمیلا دیمتریونا سمسونوواکو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ایک اور میچ میں امریکی ٹینس سٹار کوکوگف نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی سوفیا کینن کو سٹریٹ سیٹس میں با آسانی 0-6 اور 0-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574903