دبئی ۔2مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے جمعہ کو دبئی میں پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرفیصل نیاز ترمذی، قونصل جنرل حسین محمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی شبیر مرچنٹ نے وفاقی وزیر کا خیر مقدم کیا اور اوورسیز کنونشن اسلام آباد کے کامیاب انعقاد پر حکومت کی کوششوں کو سراہا۔سفیر فیصل ترمذی نےوفاقی وزیر کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات پیش کیں، جن میں ابو ظہبی اور دبئی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں شامل تھیں۔
انہوں نے وفاقی وزیر کی جانب سے کمیونٹی سکول کے دورے اور یومِ پاکستان تقریب میں شرکت پر بھی شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ برآمدات بڑھانے اور سرمایہ کاری لانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔
انہوں نے ’’اُڑان پاکستان‘‘ وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے 2025 تک ایک کھرب ڈالر کی معیشت کے ہدف اور پانچ ترجیحی شعبہ جات کا ذکر کیا۔انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کمیونٹی سکولز کی بہتری اور قونصل خانے کی توسیع کے لئے حکومتی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر نے پاکستانی کاروباری برادری سے تجاویز طلب کیں تاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591096