راولپنڈی۔15مئی (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی نے شہر کے تاریخی اور مرکزی مقام، لیاقت باغ کی خوبصورتی اور سرسبز ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایت پر باغ کی صفائی، تزئین و آرائش اور باغبانی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
لیاقت باغ، جو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے، کو عوام کے لیے ایک پُر فضا اور خوشنما تفریحی مقام بنانے کے لیے پی ایچ اے کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر باغبانی کا کام انتہائی محنت اور لگن سے انجام دیا جا رہا ہے۔ لیاقت باغ کو پہلے ’’کمپنی باغ‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، تاہم 1951 میں وزیرِاعظم لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد اس کا نام’’لیاقت نیشنل باغ‘‘رکھ دیا گیا۔
یہ باغ نہ صرف سیاسی جلسوں اور اجتماعات کے لیے استعمال ہوتا ہے بلکہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے سیر و تفریح کا بھی ایک اہم مرکز ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے لیاقت باغ کی تاریخی اہمیت اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی دیکھ بھال، صفائی اور تزئین و آرائش کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے۔ باغ میں بلند و بالا درخت، رنگ برنگے پھول اور مختلف قسم کے پودے نہ صرف فطری خوبصورتی کا حسین امتزاج پیش کرتے ہیں بلکہ شہریوں کو سکون اور تازگی کا احساس بھی دلاتے ہیں۔
پی ایچ اے راولپنڈی شہر کو سرسبز بنانے اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔لیاقت باغ کی بحالی اور خوبصورتی کے لیے کیے گئے یہ اقدامات قابلِ تحسین ہیں جو نہ صرف اس کی تاریخی شناخت کو برقرار رکھیں گے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک پرکشش تفریحی مقام مہیا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597505