ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کی قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں مارکیٹ کے اندر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
کوئٹہ۔ 18 مئی (اے پی پی):ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں مارکیٹ کے اندر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ قرار دیا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد حکومت بلوچستان نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو محاصرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی نوعیت اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے شاہد رند نے دھماکے میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ترجمان نے کہا کہ دہشتگردی کی ہر کارروائی نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ انسانیت کے خلاف جرم ہے،
اور حکومت بلوچستان دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے شاہد رند نے کہا کہ ریاست اپنے عوام کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598551