اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے،اگر جذبے صادق ہوں اور کچھ کرنے کا عزم ہو تو بظاہر وسائل سے مالامال اور رقبے اور عددی لحاظ سے برتر ہونے کے باوجود بھی کوئی ملک یا قوم آپ کو شکست نہیں دے سکتی۔
یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغا م میں احسن اقبال نے کہاکہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، اس دن پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ سے عددی لحاظ سے کم ہونے کے باوجود ملکی دفاع پر آنچ نہ آے دی۔ مسلح افواج کے پرعزم جوانوں نے ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع نہ صرف زمینی محاذ پر بلکہ ملک کی فضائی حدود پر بھی ناقابل تسخیر ہے۔ 6 ستمبر کا سبق ہے کہ اگر جذبے صادق ہوں اور کچھ کرنے کا عزم ہو تو بظاہر وسائل سے مالامال اور رقبے اور عددی لحاظ سے برتر ہونے کے باوجود بھی کوئی ملک یا قوم آپ کو شکست نہیں دے سکتی۔ آج60فیصد سے زائد نوجوان آبادی پر مشتمل قدرتی وسائل سے مالامال پاکستان 6 ستمبر جیسے جذبے کے ساتھ ہم سے اسی جذبے اور ہمت و استقلال کے ساتھ محنت کا تقاضا کرتا ہے، اگر ہم نے ثابت قدمی، سیاسی استحکام کے ساتھ درست سمت میں قومی جذبے کے ساتھ معیشت کی بہتری کے لیے اپنا سفر جاری رکھا تو انشاءاللہ 2035 تک پاکستان کو ایک کھرب ڈالر کی معیشت بننے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔