اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں واقع ترک سفارتخانے نے ہفتہ کی شام "ترکش کوزین ویک” کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں ترکی کے بھرپور ثقافتی ورثے اور پاکستان سے اس کی گہری برادرانہ وابستگی کو اجاگر کیا گیا۔یہ پروقار تقریب ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جہاں سفارتکاروں، سرکاری عہدیداروں، میڈیا نمائندگان اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ مہمانوں کی تواضع روایتی ترک کھانوں سے کی گئی، جو ذائقے اور تہذیبی ہم آہنگی کا حسین امتزاج تھے۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ہر سال 21 سے 27 مئی تک ‘ترکش کوزین ویک’ نہ صرف ترکی میں بلکہ دنیا بھر میں منایا جاتا ہے تاکہ ہماری متنوع اور بھرپور کھانوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے۔ ترک کھانے صرف ذائقے ہی نہیں بلکہ ہمارے ثقافتی ورثے اور اجتماعی اقدار کا عکاس بھی ہیں۔اس سال کے موضوع "کلاسیکی پکوان” کے تحت مہمانوں کو روایتی گھریلو ترک کھانے پیش کیے گئے، جبکہ ہر میز پر کھانوں کی تراکیب پر مبنی کتابچے بھی رکھے گئے تاکہ شرکاء ان ذائقوں کو اپنے گھروں میں بھی آزما سکیں۔
تقریب کا ایک خاص حصہ ترک کافی کی روایتی پیشکش تھی، جو گرم ریت میں تیار کی گئی، اور مہمانوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیا۔سفیر نذیراوغلو نے کہا کہ پاکستانی عوام، خاص طور پر وہ جو ترکی کا سفر کر چکے ہیں، ترک کھانوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہمارے ہاں کھانے صرف خوراک نہیں بلکہ میل ملاپ، گرمجوشی اور کمیونٹی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اصل روح ‘شراکت داری’ ہے۔انہوں نے ترکی اور پاکستان کے مابین لازوال برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "ترکی اور پاکستان کے درمیان اخوت کا رشتہ انمول ہے، جو دنیا میں بہت کم ممالک کو حاصل ہے۔ ہم ایک دوسرے کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور غم میں شریک ہوتے ہیں۔
پاکستان میں ہم کبھی اجنبی محسوس نہیں کرتے۔ میں ہر پاکستانی، عام شہری سے لے کر اعلیٰ قیادت تک، کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنا بھائی سمجھا۔سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، ثقافت، میڈیا، اعلیٰ تعلیم، عدلیہ اور پارلیمانی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تقریب کے انعقاد پر سفیر نے اپنی اہلیہ امینے نزیروغلو اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب کا اختتام "ترکی-پاکستان دوستی زندہ باد” اور "ترکی-پاکستان کھانوں پائندہ باد” جیسے پرجوش نعروں سے ہوا، جو دوستی اور ذائقوں کے اس حسین امتزاج کی عکاسی کر رہے تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601057