بین الاقوامی میڈیا وفود کا مقدس مقامات میں حج کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ

22
بین الاقوامی میڈیا وفود کا مقدس مقامات میں حج کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ

منیٰ۔9جون (اے پی پی):1446 ہجری کے حج سیزن کی کوریج کے لیے سعودی عرب آئے بین الاقوامی میڈیا کے وفود نے مقدس مقامات میں قائم جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں حج انتظامات سے متعلق سکیورٹی اور تکنیکی اُمور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفود کا خیرمقدم ڈائریکٹر جنرل پبلک سکیورٹی اور حج سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کیا، جنہوں نے انہیں حج سیزن کے دوران سکیورٹی، نگرانی، اور تکنیکی ہم آہنگی کے مربوط نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔دورے کے دوران میڈیا نمائندوں کو بتایا گیا کہ یہ مرکز مختلف سکیورٹی اور تکنیکی اداروں کے درمیان ایک متحدہ آپریشنل نظام کے تحت کام کرتا ہے،

جو لاکھوں حجاج کرام کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔سینٹر جدید ترین نگرانی، تجزیاتی اور لائیو مانیٹرنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو قومی نظام کی تیاری اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔

حکام نے وفود کو بتایا کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) جیسی جدید ٹیکنالوجیز کس طرح مؤثر ہجوم مینجمنٹ، بروقت فیصلوں اور حجاج کی منظم نقل و حرکت کو ممکن بناتی ہیں۔یہ دورہ سعودی عرب کی جانب سے حج جیسے دنیا کے سب سے بڑے سالانہ اجتماع کے انتظامات میں تکنیکی اور تنظیمی مہارت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا، جو ہر حاجی کی سلامتی اور روحانی تجربے کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔