پاکستان پوسٹ کو رواں مالی سال میں سی این آئی سی تجدید کےمعاہدے کے تحت 2.57 ملین روپے کا کمیشن حاصل ہوا، اقتصادی سروے

21
Economic Survey

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان پوسٹ نے ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جو کہ 9،984 پوسٹ آفسز کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے لاکھوں افراد کو قابل اعتماد ڈاک خدمات فراہم کر رہا ہے۔ اقتصادی سروے کے مطابق مارچ 2025 تک پاکستان پوسٹ نے نادرا۔پاکستان پوسٹ سی این آئی سی تجدید کے معاہدے کے تحت 89 فعال مقامات پر 34،291 کی ٹرانزکشنز مکمل کیں جس میں حالیہ اقدامات کے تحت 2.57 ملین روپے کا پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو کمیشن حاصل ہوا۔

پاکستان پوسٹ جدید ترین خدمات اور بین الاقوامی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ۔رواں مالی سال کے دوران پاکستان پوسٹ نے عوام کو موثر ترین ڈاک خدمات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں ایک موبائل ایپ کا آغاز بھی شامل ہے جو پوسٹل سروسز کی فہرست، پوسٹل کوڈز، شکایات کی رجسٹریشن اور ٹریک اینڈ ٹریس جیسی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر، پاکستان پوسٹ نے 204 منزلوں تک 30 کلوگرام تک کے پارسلز کی ترسیل کے ذریعے نمایاں آمدنی حاصل کی ہے۔شہری مراکز میں پوسٹ نے دوپہر سے پہلے بک کیے گئے پارسلز اور دستاویزات کو اسی دن پہنچانے کی سہولت فراہم کی ہے، جسے مزید شہروں تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔

بین الاقوامی ڈیٹا کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے، پاکستان پوسٹ نے یو ایس اسٹاپ ایکٹ 2018 اور یورپی یونین کے آئی سی ایس ٹو کے تحت اپنے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی آئی ٹی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا ہے، جس کی وجہ سے 2024 کے پی ڈی۔21 پوسٹل رینکنگ میں لیول 5 سے لیول 6 تک ترقی پائی ہے۔ روایتی اور جدید ڈاک خدمات کے تحت پاکستان پوسٹ نے یونیورسل سروس اوبلیگیشن (یو ایس او) کے تحت روایتی خطوط کی خدمات جاری رکھی ہیں، جبکہ ایکسپریس میل سروس(ای ایم ایس) کے ذریعہ 36 بین الاقوامی منزلوں تک دستاویزات اور سامان کی تیز ترسیل ممکن بنائی گئی ہے۔

ای ایم ایس ۔ پلس کے تحت،پاکستان پوسٹ نے بین الاقوامی ڈیلیوری پارٹنرز کے ساتھ مل کر 238 منزلوں تک تیز اور قابل اعتماد خدمات فراہم کی ہیں۔ خودکار ی اور جدیدیت کے منصوبے کے تحت کوریا کی ایکسیم بینک کی معاونت سے ای ڈی ایف سی فنڈڈ منصوبے کے تحت پاکستان پوسٹ آفسز کی خودکاری میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

مون انجینئرنگ جے وی کے ساتھ معاہدے کے بعد، 8.2 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی، جس کے تحت تکنیکی مشنز کے ذریعے بنیادی ڈیزائن اور بڈنگ دستاویزات تیار کی گئی ہیں۔یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کے 2022 کے پوسٹل رینکنگ انڈیکس میں پاکستان پوسٹ 162 ممالک میں سے 55 ویں پوزیشن پر رہا، جو کہ قابل اعتماد، رسائی، ربط اور صلاحیت کے چار اہم ستونوں پر مبنی ہے۔