27

بالاکوٹ۔ 12 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان نے ناراں میں قائم ٹورسٹ فسیلیٹیشن اینڈ انفارمیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ انسپکٹر ٹریفک پولیس انس خان اور دیگر متعلقہ پولیس سٹاف بھی موجود تھا۔ایس پی بالاکوٹ نے سنٹر کے عملے سے ملاقات کی، انہیں ضروری ہدایات جاری کیں اور سیاحوں کے مسائل دریافت کیے۔ بعد ازاں انہوں نے ناران آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے بھی ملاقات کی، انہیں خوش آمدید کہا اور ان میں ریفریشمنٹ کا سامان بھی تقسیم کیا۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ناران کا رُخ کرنے والے سیاحوں کے لیے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مانسہرہ پولیس آپ کو اس جنت نظیر وادی میں خوش آمدید کہتی ہے۔ آپ کی سہولت، سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ تاہم، آپ سب پر بھی لازم ہے کہ قانون کی مکمل پاسداری کریں، ڈبل لائن مت بنائیں، نو پارکنگ زونز میں گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں اور تیز رفتاری جیسے قوانین کی خلاف ورزی سے بچیں۔ڈی پی او مانسہرہ نے مزید کہا کہ سیاحوں کو چالان نہ کرنے کے واضح احکامات تمام سٹاف کو دیے گئے ہیں

لیکن جان بوجھ کر قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ علاقے میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔