گلگت۔13جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کاحل اور حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم نے خلوص نیت سے گلگت بلتستان میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کا سب سے دیرینہ مسئلہ ان کے زمینوں کا تحفظ تھا جس کو ہماری حکومت نے لینڈ ریفارمز کے ذریعہ مستقل بنیادوں پر حل کیا ہے ،
پاک چائنہ تجارت سے وابستہ مقامی تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارڈرپاس کے حوالہ سے مقامی تاجروں کے جائز تحفظات پر غور کیاجائے گا۔ سوست ڈرائی پورٹ پر درپیش مسائل کسٹم اور ایف بی آر سے متعلق ہیں لیکن ہم نے وفاقی سطح پر متعلقہ فورمز میں مقامی تاجروں کے مسائل اجاگر کئے ہیں اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بات کی ہے۔اس موقع پر مقامی تاجروں کے وفد نےجائز مطالبات حل کرنے کیلئے خصوصی کوششیں کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔