پشاور میں سٹریٹ کرائمز کیخلاف کارروائیاں ،مزید4 ملزمان گرفتار،پولیس

3

شاور۔ 25 جون (اے پی پی):پشاور پولیس نے سٹریٹ کرائمز کیخلاف کارروائیاں کرتےہوئے مزید چار ملزمان کوگرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق پشاور میں راہزنی سمیت سٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون تیز کردیا گیا ہے اور مزید چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد کی نگرانی میں سٹریٹ کرائمز کے خلاف کارروائیوں کے دوران پہاڑی پورہ پولیس نے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک سنیچرز کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جن کی شناخت عثمان عرف پچاسے سکنہ دیر کالونی اور ایوب حسین سے ہوئی ہے جن کے خلاف تھانہ رحمان بابا

آغا میر جانی شاہ،بھانہ ماڑی ، چمکنی ،کوتوالی ، شاہ قبول،انقلاب، اور پہاڑی پورہ میں ڈکیتی، راہزنی ، پولیس پر حملے ، چوری و منشیات وغیرہ کے 16مقدمات درج ہیں۔گرفتار ملزمان سے اسلحہ و موٹر سائیکل بھی برآمدکرلیا گیا ۔ تھانہ داؤدزئی پولیس نے بھی راہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث عاشق اور شعیب عرف جج کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جنہوں نے ناکہ بندی پر موجود پولیس پر فائرنگ کی تھی۔ ملزمان سے 1لاکھ 50 ہزار روپے ،موٹرسائیکل و اسلحہ برآمدکرلیا گیا جن کے خلاف تھانہ داودزئی میں دومقدمات درج ہیں۔

یاد رہے پشاور میں سٹریٹ کرائمز کیخلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں، گزشتہ ایک سال میں پولیس مقابلوں میں 260سے زائد راہزن زخمی جبکہ 7ہلاک ہوچکے ہیں ۔