فیصل آباد۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):7روزہ انسداد پولیو مہم آج 2اکتوبر بروزپیر سے شروع ہوگی جو 8اکتوبر تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 15 لاکھ 36 ہزار 770بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4869 پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ باربار مہم کو دہرانے کامقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے تاکہ وطن عزیز کو پولیو فری بنایا جاسکے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر گھرآنے والی پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر باشعور شہری کا فرض ہے کہ وہ پولیو کے خاتمہ کیلئے بھر پور کوشش کرے تاکہ مستقبل میں کوئی بچہ پولیو کے مرض کا شکار ہوکر زندگی بھر کے لیے معذور نہ ہوسکے۔