7.2ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والا مین لائن۔ریلوے ایم ایل ون سے 90 فی صد سے زائد پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،سی پیک اتھارٹی

144
CPEC
CPEC

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) سی پیک کے تحت 7.2ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والا مین لائن۔ریلوے ایم ایل ون سے 90 فی صد سے زائد پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق مین لائن ون ٹریک سے ریلوے حادثات پر قابو پانے اور ہزاروں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ کراسنگ فری ٹریک ہوگا جس سے کراچی سے لاہور تک کے سفری دورانیے میں سات گھنٹے کی کمی آئے گی جبکہ راولپنڈی سے لاہور کا سفر صرف دو گھنٹے میں طے ہوگا۔حال ہی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و چئیرمن سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پہ اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے کی لاگت 7 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پشاور سے کراچی تک منصوبے میں 1872 کلو میٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن شامل ہے اور پشاور سے کراچی تک ریلوے ٹریک دو رویہ کرنا بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ ایم ایل ون سے ریل گاڑیاں ایک سو ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جنہیں مزید بڑھا کر دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ کیا جا سکتا ہے۔ ایم ایل ون ایک انقلابی منصوبہ ہے جسے حکومت مکمل کریگی اور اس سے پاکستان ریلوے کا پورا ڈھانچہ بہتر ہوگا، اربوں ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ چین کی مدد سے پانچ سے آٹھ سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔