عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ، کانگو کی ٹیم اب بھی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، کوچ دیسابرے

کانگو کی فٹ بال ٹیم کے مینیجر سیباسٹین دیسابرے نے اپنے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں زندہ رکھنے کے لئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں

ہیوسٹن۔24جون (اے پی پی):کانگو کی فٹ بال ٹیم کے مینیجر سیباسٹین دیسابرے نے اپنے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں زندہ رکھنے کے لئے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔ شنہوا کے مطابق گوادالاخارا سٹیڈیم میں کولمبیا کے خلاف 0-1 کی شکست کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی کوچ نے اعتراف کیا کہ میچ کے آخری لمحات میں ڈینیل مونیوز کے گول کی بدولت کولمبیا نے مستحق فتح حاصل کی کیونکہ ان کا کھیل اور بال پوزیشن ہم سے بہتر تھی۔ سیزن کے گروپ کے میں 1 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود کانگو کو اب اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لئےآئندہ ہفتہ کو اٹلانٹا میں ازبکستان کے خلاف اپنا آخری میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔ سال 1974 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی افریقی ٹیم کانگو نے گزشتہ ہفتے پرتگال کے خلاف 1-1 سے تاریخی ڈرا کھیل کر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا تھا۔ کوچ دیسابرے کا کہنا تھا کہ ہمیں اس شکست کو قبول کرتے ہوئے اپنا سر بلند رکھنا ہوگا اور آئندہ میچ کے لئے جلد تیار ہونا ہوگا، ازبکستان کی ٹیم دفاعی لحاظ سے مضبوط ہے لیکن ہم میدان میں اپنا سب کچھ جھونک دیں گے۔

مزید خبریں