بگ تھری کے خاتمہ کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے ، آئی سی سی کے رواں ماہ ہونےوالے اجلاس میںبگ تھری کے خاتمے کے معاملہ میں پیش رفت ہوگی ، پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ میں پرفارمنس بہتر ہے ، ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں پرفارمنس بہتر بنانا ہمارا ہدف ہے ، چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی میڈیا سے گفتگو
لاہور۔11 جون(اے پی پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ بگ تھری کے خاتمے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے ، آئی سی سی کے رواں ماہ ہونےوالے اجلاس میںبگ تھری کے خاتمے کے معاملہ میں پیش رفت ہوگی ۔پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی سی بی چاہتا ہے کہ بگ تھری کا وجود نہ رہے اور آئی سی سی میں تمام فیصلے جمہوری انداز میں ہوں،انہوں نے کہاکہ وہ آئی سی سی اجلاس میں شرکت کےلئے اگلے ہفتے انگلینڈ جارہے ہیں اور وہاں پر پاکستان کے میچز بھی دیکھیں گے ، چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ میں پرفارمنس بہتر ہے لیکن ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میں پرفارمنس کو بہتر بنانا ہمارا ہدف ہے، قومی کرکٹ کی بہتری کےلئے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم اقدامات کیئے گئے ہیں ،شارٹ ٹرم پلان پر عمل در آمد ہوچکاہے تاہم لانگ ٹرم پلان پر 95فیصد عمل مکمل ہوا ہے ،شارٹ ٹرم میں ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ،ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=8482