اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہاہے کہ 9 مئی 2023 کو ملک کی پچھتر سالہ تاریخ کے دلخراش واقعات پیش آئے ، جو کام ہمارا ازلی دشمن کبھی نہ کر سکا اس کو ایک سیاسی جماعت کے حواریوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی اور اشتعال انگیزی کے ذریعے کیا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو قومی تنصیبات اور عمارتوں پرحملوں میں ملوث تمام شر پسندوں کی نشا ندہی کرنے اور انھیں 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ ہدایات ہفتہ کولاہورمیں امن و امان کے حوالے سے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا 9 مئی 2023 کو ملک کی پچھتر سالہ تاریخ کے دلخراش واقعات پیش آئے ، جناح ہائوس لاہور کو بلوہ کر کے جلایا گیا اور اسکی حرمت کوپامال کیا گیا، پاک فوج اور سول ملازمین کو شدید زخمی کیا گیا ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارے لیے افسوس اور تشویش کا مقام ہے جو کام ہمارا ازلی دشمن کبھی نہ کر سکا اس کو ایک سیاسی جماعت کے حواریوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی اور اشتعال انگیزی کے ذریعے کیا ، آج ہر محب وطن پاکستانی 9 مئی کے واقعات پر رنجیدہ ہے ۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قومی تنصیبات اور عمارتوں پر حملوں میں ملوث تمام شر پسندوں کی نشاندہی کی جائے اور انھیں 72 گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حملہ آوروں کی نشاندہی کے عمل میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی صورت کوئی بے گناہ نہ پکڑ لیا جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا اس سلسلے میں قانونی تقاضے نظر انداز نہیں ہونے چاہئیں ۔
وزیراعظم نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس کو ہدایت کی کہ نادرا اور سیکورٹی ایجنسیز کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ شر پسند عناصر کے خلاف جلد از جلد گھیرا تنگ کیا جا سکے۔ اجلاس کے شرکا میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، مشیروزیراعظم احد چیمہ، نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی, وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان ، چیف سیکرٹری پنجاب ،چیف سیکرٹری کے پی ، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ، انسپکٹر جنرل کے پی پولیس اور کمشنر لاہور ڈویژن شامل تھے ۔