پی ٹی وی کو تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی کوریج دینے کی ہدایات دی ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سید علی ظفر

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کو تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی کوریج دینے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قائمہ کمیٹی پی ٹی وی کی کارکردگی …

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کو تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی کوریج دینے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قائمہ کمیٹی پی ٹی وی کی کارکردگی اور امور کو بہتر بنانے کیلئے گائیڈ لائنز دے، ہم اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات ،قومی تاریخ وادبی ورثہ نے سفارش کی ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر دی گئی براہ راست کوریج پر آنے والے اخراجات اس وقت کے متعلقہ وزیر یا اس سیاسی جماعت سے وصول کئے جائیں ، قائمہ کمیٹی نے واضح کیا کہ پی ٹی وی کو اب کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا آلہ کار بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پیر کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ٹیلی ویژن کی کارکردگی کومزید موثر بنانے اور مسائل کے حل کےلئے گزشتہ اجلاسوں میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کے علاوہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے کام کے طریقہ کار ، کارکردگی اور مستقبل کے منصوبہ جات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا نے قائمہ کمیٹی کو سفارشات پر عملدرآمد بارے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی وی کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی ادائیگی کےلئے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے ۔ 263 پنشنرز کو 1.352 ارب کی پنشن ادا کرنی ہے ۔90 پنشنرز کو 377 ملین پنشن ادا کر دی گئی ہے ۔ ادارے کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور یہ مسائل عرصہ درازسے حل نہیں کیے گئے ملازمین کو میڈیکل واجبات کی ادائیگی ، اینکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے علاوہ پی ٹی وی کے مختلف اسٹیشنز کے لئے جدید آلات بشمول نئے کیمروں کےلئے فنڈز کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر ٹاک شوز کو غیر جانبدار بنایا جارہا ہے، اب پروگرامز توازن کے ساتھ چلتے ہیں ۔جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اگرپی ٹی وی حکومتی آلہ کار بننے کی بجائے عوام کے مسائل اور ملک کی صحیح صورتحال کی ترجمانی کرتا تو نہ صرف عوام کا اعتماد بحال رہتا بلکہ اس کی آمدن میں اربوں روپے اضافہ ہوتا،ایک سابق وزیراعظم اور ان کی بیٹی جو کسی سرکاری عہدہ پر فائز نہیں تھی کو کوریج دینے پر ادارے کے کروڑوںروپے خرچ کر دیئے گئے ۔ قائمہ کمیٹی وزارت اطلاعات ونشریات کو سفارش کرتی ہے کہ سابق وزیراعظم اور اس کی بیٹی کو دی گئی کوریج پر جتنے اخراجات آئے ہیں وہ متعلقہ وزیر یا اسسیاسی جماعت سے وصول کئے جائیں ۔