سرگودہا ۔2 جولائی(اے پی پی )پاکستان تحریک ِانصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ الیکشن ملکی تاریخ کے فیصلہ کن انتخابات ہیں ، 1970ءکے بعد قوم کو دوسری مرتبہ اپنی تقدیر بدلنے کا موقع ملا ہے عوام باہر نکلیں اور تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔گزشتہ حکومت نے پچھلے پانچ سالوں میں وطن ِعزیز کو اربوں روپے کے مزیدقرضوں میں جکڑ دیا ہے برسرِ اقتدارآکر ملک …
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سیال شریف میں خطاب

مزید خبریں
سرگودہا ۔2 جولائی(اے پی پی )پاکستان تحریک ِانصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ الیکشن ملکی تاریخ کے فیصلہ کن انتخابات ہیں ، 1970ءکے بعد قوم کو دوسری مرتبہ اپنی تقدیر بدلنے کا موقع ملا ہے عوام باہر نکلیں اور تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔گزشتہ حکومت نے پچھلے پانچ سالوں میں وطن ِعزیز کو اربوں روپے کے مزیدقرضوں میں جکڑ دیا ہے برسرِ اقتدارآکر ملک کو غربت سے پاک کریں گے اور کسانوں کے لیے خصوصی پیکج دےں گے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا توملک خوشحال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روز سیال شریف میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہاکہ 2018ءکے انتخابات عام انتخابات نہیں ہیں اپنے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار وں سے کہتاہوں کہ وہ بھرپور انتخابی مہم چلائیں ۔ 1970ءمیں پہلی بار قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع ملا تھا جس کے بعد اب دوسری مرتبہ قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع ملا ہے ۔ عوام باہر نکلیں اور تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں انہوںنے کہاکہ گذشتہ حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا جس سے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہوئی اور ڈالر 125کے قریب پہنچ گیا ۔ عام آدمی پر ٹیکس لگاکر قرضوں کی ادائیگی کی جائے گی جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ پانچ سالوں میں ملکی برآمدات کم ہوئیں جبکہ درآمدات میں اضافہ ہوا جس سے مہنگائی بڑھی اور غیر ملکی قرضہ 90ارب ڈالر تک پہنچ گیا ۔انہوںنے پاکستان تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران سے کہاکہ مخالف کو کبھی کمزور نہیں سمجھنا چاہیے اس لیے عوام کے پاس جائیں اور پاکستان تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔ انہوںنے کہاکہ سرگودہا سمیت ملک بھرمیں کسان پسے ہوئے ہیں گزشتہ پانچ سال میں کاشتکاروں کی تباہی ہوئی ہے ، پاکستان تحریک ِ انصاف اقتدار میں آکر کسانوں کے لیے خصوصی پیکج جاری کرئے گی کیونکہ کسان خوشحال ہوگاتو ملک خوشحال ہوگا۔ عمران خان نے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو دیانت داری سے ٹکٹ جاری کئے ، ملک بھر میں سروے کروائے گئے سرگودہا میں بھی سروے کروایا گیا جس کے بعد اہل امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملا وہ مایوس نہ ہوں جو نظریاتی کارکن ہیں ان کے لیے بہت مواقع ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ظفر قریشی ، ممتاز کاہلوں اور نذیر سوبھی سمیت ٹکٹ سے محروم رہنے والے دیگر رہنماﺅں سے معذرت چاہتا ہوں ان سے ٹیلی فون پر بات کروں گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر قاسم سیالوی نے سیال شریف آ مد پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا ۔قبل ازیں عمران خان نے درگاہ سیال شریف پر حاضری دی اور پیر آف سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی سے ملاقات بھی کی ۔اس موقع پرندیم افضل چن ، عامر سلطان چیمہ ،ڈاکٹر نادیہ عزیز ،نعیم الدین سیالوی ، غلام بی بی بھروانہ ، صاحبزادہ محبوب سلطان ، عمر اسلم اعوان ، احسان اللہ ٹوانہ،عنصر ہرل ، عنصر مجید نیازی ،خالق دار پڈھیار،چوہدری محمد اقبال ، غلام علی اصغر خان لاہڑی سمیت پاکستان تحریک انصا ف کے سرگودہا ، جھنگ اور خوشاب سے تعلق رکھنے والے امیدوار ان قومی و صوبائی اسمبلی اورپی ٹی آئی کے مقامی رہنماءاور عہدداران بھی موجود تھے۔







