وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی ترکی کے سفارتخانہ گئے ،استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملہ سے متعلق تعزیتی کتابچہ میں اپنے تاثرات درج کئے

144

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی جمعہ کو ترکی کے سفارتخانہ گئے اور 29 جون کو استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملہ سے متعلق تعزیتی کتابچہ میں اپنے تاثرات درج کئے۔ طارق فاطمی نے دہشت گرد حملہ میں بے گناہ مرد، خواتین اور بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق معاون خصوصی نے حملوں میں جاں بحق افراد کے حوالہ سے ترکی کی حکومت، عوام اور لواحقین کے ساتھ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ طارق فاطمی نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی قریبی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو چکے ہیں۔