وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی صحافیوں سے گفتگو

184

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں ہر پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے گی، آرمڈ و سول آرمڈ فورسز کی 22 ہزار کی نفری سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔ پیر کو نادرا میگا سنٹر کی افتتاحی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کشمیر کے اندر صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد نہ صرف کشمیر اور پاکستان بلکہ لارجر مقصد یعنی کشمیر بشمول مقبوضہ کشمیر کیلئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات سے دنیا میں یہ پیغام جانا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر کے انتخابات کیسے ہوتے ہیں اور آزاد کشمیر میں کیسے انتخابات منعقد کرائے جاتے ہیں۔