اسلام آباد ۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں، وفاق پاکستان کو مضبوط کرنے کی سوچ رکھتے ہیں، ہم اپوزیشن کے تینوں دھڑوں کی طرف مفاہمت کا ہاتھ بڑھانا چاہتے ہیں، تمام جماعتوں کے تعاون سے نیا پاکستان بنائیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس ایوان نے آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے وزیراعظم کو منتخب کیا، ایسے شخص کو منتخب کیا جس سے لوگوں نے پاکستان کا مستقبل وابستہ کیا، دونوں جماعتوں نے بار بار منتخب ہونے پر عوام کو مایوس کیا تو ایک نیا دیا جلا جس کا نام پاکستان تحریک انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آج جو راگ الاپ رہی ہے، 2013ءکے الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن کے سامنے ایڑیاں رگڑنے اور عدالتوں کے دھکے کھانے کے ایک سال بعد 126 دن کا دھرنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی نے الیکشن ایکٹ 2017ءکی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا، ہم نے الیکشن کمیشن کو بااختیار ادارہ بنایا اور انتظامی اختیارات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی 40 سفارشات کے بعد الیکشن ایکٹ 2017ءتشکیل دیا گیا۔