اسلام آباد ۔ 12ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان سے مسلح جتھے اور انتہاءپسند گروہوں کا خاتمہ ہو، اس حوالے سے حکومت اور عسکری قیادت سمیت تمام ادارے متفق اور متحد ہیں۔ فوج اور حکومت کو پاکستان کا مفاد سب سے عزیز ہے،عسکری ادارے اور سویلین حکومت سی پیک سمیت تمام قومی امور پر ایک پیج پر ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب بھی کوئی نیا وزیراعظم آتا ہے تو وہ جی ایچ کیو اور آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرتا ہے، عمران خان کو اہم اور حساس نوعیت کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، فوج نے اپنا نقطہ نظر سامنے رکھا، باہر کے لوگ کہتے تھے کہ حکومت اور فوج الگ الگ بات کرتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ، فوج اور سول حکومت کے درمیان دراڑ کی بات ختم ہو چکی ہے، امریکہ ہو یا چین جب بھی ان کے وفود پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں وہ مطمئن ہو کر واپس جا رہے ہیں۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، عسکری قیادت نے وزیراعظم اور کابینہ کے سینئر ارکان کو تمام اہم قومی اور حساس امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور اپنا نقطہ نظر ان کے سامنے رکھا، اہم اور حساس امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ ان کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، ماضی میں یہ تاثر عام تھا کہ سول اور ملٹری تعلقات میں دراڑ ہے، وزیراعظم عمران خان کے جی ایچ کیو اور آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے بعد وہ تاثر ختم ہو گیا ہے، پاکستان میں اب سول اور ملٹری کے درمیان دراڑ کی بات ختم ہو گئی ہے۔